کابل

قطری رہائشی منصوبے کا 45 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔ وزارت ہاؤسنگ

قطری رہائشی منصوبے کا 45 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔ وزارت ہاؤسنگ

سالانہ کارکردگی رپورٹ

کابل :الامارہ اردو
وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات کے حکام نے گورنمنٹ میڈیا سینٹر میں حکومت کے احتساب پروگرام کے تحت یک سالہ سرگرمیوں اور کامیابیوں کے بارے میں قوم کے سامنے رپورٹ پیش کر دی۔
وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات کے حکام نے کہا کہ کابل کے نواحی علاقے خوشحال خان مینا میں قطری رہائشی منصوبہ شروع کیا گیا ہے، جس کا تعمیراتی کام 45 فیصد مکمل ہو چکا ہے، اور اب بھی اس کا تعمیراتی کام جاری ہے۔
اسی طرح نیل گارڈن یا چینی منصوبہ، جس کا ابتدائی کام 10 فیصد مکمل ہوا تھا اور کام رک گیا تھا تاہم مسلسل رابطوں اور ملاقاتوں کے بعد فی الحال چینی تکنیکی ٹیم کابل پہنچ چکی ہے اور جلد اس منصوبے پر دوبارہ کام شروع کیا جائے گا۔
ان کے مطابق عالیقدر امیرالمومنین حفظہ اللہ کی ہدایت پر صوبہ تخار کے ضلع خواجہ بہاؤالدین کے علاقے مہاجر قشلاق میں 150 ایکڑ اراضی مقامی لوگوں کے لیے مختص کی گئی ہے اور منصوبہ بندی اور نقشہ سازی کے بعد ہر خاندان کو ایک عدد پلاٹ دیا گیا ہے اور مانیٹرنگ ٹاؤن کا کام مکمل کر کے وزارت داخلہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کئی شہروں میں تاریخی یادگاروں اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں، اس سلسلے میں ہرات میں جامع مسجد کی تعمیر اور مرمت کا کام مکمل کیا گیا ہے، نیز قندھار میں احمدشاہ ابدالی کا گھر، بامیان، پکتیا، کابل اور دیگر صوبوں میں بعض اہم مقامات کی مرمت اور تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔
ان کے مطابق ملکی سطح پر تعمیراتی منصوبوں کی نگرانی، وزارت کی انفارمیشن سیکیورٹی پالیسی کی تکمیل، ملک کے تمام شہروں میں شہری خلاف ورزیوں کی روک تھام کا آغاز، نیو کابل سٹی پروجیکٹ اور مرکز اور کچھ صوبوں کے لیے 27 شہری منصوبوں کا انتظام کرنا گزشتہ سال کے دوران وزارت ہاوسنگ و تعمیرات کی سرگرمیوں میں شامل ہیں۔
کابل کے 41 علاقوں میں مکانات کی تعمیر کے منصوبے پر کام شروع کرنا، 37 شہری منصوبے ترتیب دینا، 129 عوامی منصوبوں کا انجینئرنگ نقشہ اور ڈیزائن شروع کرنا، قدیم یادگاروں اور ثقافتی ورثے کی مرمت اور خریداری کے عمل کو آسان بنانا وزارت ہاوسنگ و تعمیرات کے اہم منصوبوں میں شامل ہیں۔