کابل

ملائیشیا کا افغانستان کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے کا اعلان

ملائیشیا کا افغانستان کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے کا اعلان

 

کابل(الامارہ) وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی سے آج ملائیشیا کے وزیر اعظم آفس کی مشیر، افغانستان کے لیے ملائیشیا کے خصوصی نمائندے اور ملائیشیا کی وزارت خارجہ، دفاع اور وزارت داخلہ کے نمائندوں نے ملاقات کی۔

تعلقات کو فروغ دینے کے مقصد سے افغانستان کا دورہ کرنے والے اس وفد نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ “داتو سیری اسامہ حاجی محمد بن حاجی حسن” کا لایا ہوا پیغام مولوی امیر خان متقی کو پہنچایا۔

وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے کہا کہ افغانستان اور ملائیشیا کے عوام اور حکومتوں کے درمیان موجودہ سفارتی، مذہبی، ثقافتی اور اقتصادی تعلقات فروغ پارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا نے تاریخ میں افغانستان کے ساتھ خیر سگالی اور انسانی امداد خاص طور پر ہرات میں حالیہ زلزلہ متاثرین کے لیے امداد پر ملائیشیا کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مختلف شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ افغانستان سیاسی اور اقتصادی میدان میں متوازن اور معیشت پر مبنی خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کے ساتھ افغانستان کے تعلقات بڑھ رہے ہیں ہم نے پڑوسی اور علاقائی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کیے ہیں۔ امارت اسلامیہ جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو وسعت دینے کی خواہشمند ہے۔

افغان حکومت کا مطالبہ ہے کہ ملائیشیا کی حکومت ملائیشیا میں مقیم تین ہزار افغانوں کے لیے صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کرے۔

ملاقات میں وفد کے ارکان نے کہا کہ ملائیشیا کی حکومت افغانستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینا چاہتی ہے۔

انہوں نے افغانستان کی سیاسی صورتحال کو بھی مثبت قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ ملائیشیا کا ایک تجارتی وفد عنقریب افغانستان کا دورہ کرے گا۔

وفد کے ارکان نے کہا کہ ملائیشیا افغان سفارتکاروں کے لیے مختصر مدت کے تربیتی پروگراموں، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تربیتی پروگراموں، افغان سول سروس کے ملازمین کے لیے اکاؤنٹنگ اور اس شعبے میں پروگراموں کی ترتیب و تنظیم میں افغانستان کے ساتھ تعاون کرے گا۔