کابل

افغان حکومت نے 1 لاکھ 80 ہزار معذور افراد رجسٹرڈ کیے ہیں۔

افغان حکومت نے 1 لاکھ 80 ہزار معذور افراد رجسٹرڈ کیے ہیں۔

رپورٹ: الامارہ اردو

افغانستان کی وزارت شہدا و معلولین کے حکام کے مطابق حکومت نے ایک لاکھ اسی ہزار معذور افراد رجسٹرڈ کیے ہیں۔ ان تمام افراد کو ہر ماہ گھر پر وظیفہ ملتا ہے۔ مذکورہ وزارت کے ترجمان مفتی فیصل نے ایک نجی ٹی وی کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ معذور افراد میں امارت اسلامیہ افغانستان کے مجاہدین کے علاوہ گذشتہ کابل انتظامیہ کے اہل کار پولیس، کمانڈوز، سپیشل فورسز اور فوجی اہل کار بھی شامل ہیں۔ ان سب کو بلا تفریق ہر ماہ اپنے گھر پر وظیفہ ملتا ہے۔ ترجمان کے مطابق وزارت شہدا و معلولین نے معذور افراد کے لیے رواں سال 12 ارب افغانی مختص کیے تھے۔ جن میں سے گذشتہ چھے مہینے میں ساڑھے دس ارب افغانی معذوروں، یتیموں اور بیواؤں پر تقسیم کیے ہیں۔ معذور افراد کے اہل خانہ مذکورہ وزارت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ معذور افراد کے اہل خانہ کے مطابق انہوں نے گذشتہ سال کے تمام وظیفے حاصل کیے اور رواں سال کے چھے مہینوں کے وظیفے حاصل کر لیے ہیں۔ اختر محمد ایک معذور سفید ریش بزرگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا حق پورا حاصل ہوا ہے۔ گذشتہ کابل انتظامیہ کے دور میں معذوری کی حالت میں اپنے حقوق کے لیے جو صعوبتیں برداشت کرنی پڑتی تھیں اس نے ہمیں خودکشی پر مجبور کیا تھا۔ اب کسی دقت کے بغیر ہر ماہ اپنا وظیفہ ملتا ہے۔ حاجی محمد بھی ایک سفید ریش معذور بزرگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں گذشتہ سال کے تمام وظائف مل گئے ہیں۔ رواں سال کے چھے مہینوں کے وظائف بھی لے لیے ہیں۔ علاوہ ازیں مذکورہ وزارت مختلف اوقات میں معذور افراد کو روزگار کی فراہمی کے لیے انھیں روزگار کہ چیزیں فراہم کرتی ہیں۔ گذشتہ دن صوبہ غزنی میں مذکورہ وزارت نے دو سو بیواؤں اور معذور افراد میں سلائی مشینیں اور رکشے تقسیم کیے۔